آجکل افطار میں ، مَیں روز یہ پکوڑے بنا رہی ہوں اور سبکی واہ واہ وصول کررہی ہوں الحمدللہ
مِکس سبزی کے کُرکُرے پکوڑے
[اِن میں پانی اور بیکنگ پاوَڈر بالکل نہیں استعمال ہوگا]
ایک پیاز
ایک آلو
ایک ہری مرچ
چوتھائی گاجر
[اِن سبکو لمبائی میں کاٹ لیں ، ایک مرتبہ بنانے کے بعد آپکو اندازہ ہوجائیگا کہ کون سی سبزی باریک کاٹنی ہے اور کون سی موٹی موٹی کاٹنی ہے]
تھوڑی بند گوبھی ، [اندازاً کٹنے کے بعد دو کپ ]
تھوڑا ہرا دھنیا ، [اندازاً کٹنے کے بعد دو ٹیبل سپون]
آٹھ ، دس کڑی پتے باریک کاٹ لیں
اب اِن میں آدھا آدھا ٹی سپون نمک ، لال مِرچ ، کُٹا زیرہ، کُٹا دھنیا ، اجوائن ، کلونجی ، چاٹ مسالہ،
اور چوتھائی چوتھائی ٹی سپون ہلدی ، زردے کا رنگ اور دار چینی پاوَڈر شامل کر کے ہاتھ سے مِکس کرلیں۔ اب اندازاً 4 ، 5 ٹیبل سپون بیسن شامل کریں مگر ایک ساتھ نہیں ، پہلے 3 ٹیبل سپون بیسن ڈال کے ہاتھ سے چُورتے ہوئے مکس کریں پھر ضرورت ہو تو مزید مِلائیں ۔ اتنا کہ سبزی آپس میں چپک جائے ، بکھری بکھری نہ رہے
یہ آمیزہ بنا کے رکھنا نہیں ہے ورنہ سبزیاں پانی چھوڑدیںگی اور محنت ضایع جائیگی
وقت بچانے کے لئیے دوپہر ہی کو سب چیزیں تیار کر کے تین علیٰحدہ برتنوں میں ڈھک کے رکھ لیں ۔۔ یعنی
- آلو الگ ، پانی میں بھگو کے رکھیں ورنہ کالے پڑجاتے ہیں،
- دیگر سب سبزیاں الگ اور
- خشک مسالے الگ ۔
پھر جسوقت تلنا ہے اُسی وقت مِکس کریں اور بیسن مِلائیں۔
تلنے کے لئیے بھی 3 باتوں کا خیال رکھیں
- تیز آنچ پہ تلیں ورنہ نرم پڑ جائینگے
- سائیڈ تبدیل کرنے میں جلدی نہ کریں جب ایک سائیڈ گولڈن ہوجائے تبھی پلٹیں
- کڑاہی میں "ڈِیپ فرائی" کریں ، فرائنگ پَین میں اچھا رزلٹ نہیں آتا
[گاجر ، زردے کا رنگ اور دار چینی پاوَڈرشامل کرنا ضروری نہیں ہے ]
مجھکو عرصہ پہلے میری خالہ جانی نے نصیحت کی تھی کہ " دار چینی پاوَڈر ہر پکوان میں دو ، تین چٹکی شامل کرلیا کرو۔ اسمیں ذائقہ بھی ہے اور فائدہ بھی" تب سے یہ میرے استعمال میں ہے ۔ اللہ اُنکو خوش رکھے آمین